بھٹکل :20؍ مئی (ایس اؤ نیوز)بھٹکل میں تاوکتے طوفا ن سے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کرتےہوئے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے عوام کی شکایتوں کو سماعت کرتے ہوئے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ متاثرہ لوگوں کو راحت دینے کی طرف توجہ دیں۔
ساحلی علاقہ تلگوڈ کا دورہ کرنے کے دوران منکال وئیدیا نے کہاکہ دو دن قبل ریاستی وزیر آر اشوک اور ضلع نگراں کار وزیر شیورام ہیبار سمیت دیگر ارکان اسمبلی نے بھٹکل کے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا تھا، لیکن مقامی عوام کے مسائل کو ڈھنگ سے سماعت نہ کرتےہوئے جلدی جلدی میں نکل گئے۔ منکال نے بتایا کہ سماوی آفات سے نقصان زدہ علاقوں میں24گھنٹوں کے اندر مرمت اور درستگی کا کام کرنا چاہئے تھا مگر دورہ کرکے جائزہ لینے والے وزراء درستگی کے کاموں کو انجام دینے میں پس وپیش سے کام کررہے ہیں، منکال کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ان کے میعاد میں جب طوفان سے بعض علاقے متاثرہوئے تھے تو وہاں انہوں نے 24 گھنٹوں کے اندر درستگی کے کاموں کی شروعات کی تھی۔
ریاستی حکومت کی طرف سے کورونا سے متاثرین کے لئے اعلان کئے گئے 1250کروڑ روپیوں کے خصوصی پیکیج پر کڑی تنقید کرتےہوئے منکال وئیدیا نےپیکیج کو غیر سائنٹفک قرار دیا۔ مزید کہا کہ کورونا سے ماہی گیر طبقہ بھی مشکلات میں پھنسا ہواہے، ایک طرف ڈیزل کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہورہاہے تو دوسری طرف ماہی گیر متعینہ مدت میں ٹھیک سے مچھلیوں کا شکار نہیں کرپارہے ہیں اس پر مزید لاک ڈاؤن کی مار سے ماہی گیر سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔ ایسے میں ماہی گیر پیشے سے وابستہ خاندانوں کے لئے بھی پیکیج میں راحت دی جانی چاہئے تھی مگر اس پیکیج میں ماہی گیروں کے لئے کوئی راحت نہیں دی گئی ہے۔